کراچی : سپر ہائی مویشی منڈی جانے والے شہریوں کی حفاظت کے لیے پولیس موثر اقدامات کرنے میں ناکام ہوگئی، خریداری کے لیے جانے والے شہریوں سے سر عام لوٹ مار کی وارداتیں معمول بن گئیں۔
تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہیں ڈاکوؤں نے بھی کمر کس لی، مویشی منڈی جانے والے راستوں پر شہریوں اور بیوپاریوں سے لوٹ مار کے واقعات میں اضافہ ہوگیا۔
اس حوالے سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے ان واقعات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے شہریوں کو چوروں اور لٹیروں کے رحم وکرم پر چھوڑ رکھا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ڈاکو بےخوف وخطر دیدہ دلیری کے ساتھ کراچی کے ہرعلاقے میں شہریوں سے لوٹ مار کررہے ہیں، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ شاید ان کا ڈاکوؤں سے کوئی باقاعدہ معاہدہ ہوگیا ہے۔
متحدہ رہنما نے متنبہ کیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنےوالے ادارے ہوش کے ناخن لیں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں، مویشی منڈی جانے والے راستوں کو محفوظ بنانا سندھ پولیس کی ذمہ داری ہے۔