کراچی(14 مارچ 2026): شہر قائد کے علاقے لانڈھی میں ہونے والے پولیس مقابلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے، جس میں ملزم کے فرار اور پولیس کے تعاقب کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق گلی میں دو دوست کھڑے بات چیت کر رہے تھے کہ اچانک فائرنگ کی آوازیں آئیں، جس پر ایک دوست گھر کے اندر جبکہ دوسرا اپنی موٹرسائیکل وہیں چھوڑ کر جان بچانے کے لیے بھاگا۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفید شلوار قمیض میں ملزم ہاتھ میں پستول پکڑے دوڑتا ہوا آرہا ہے جبکہ پولیس اہلکار پیدل اور موٹرسائیکل پر اس کا تعاقب کر رہے ہیں۔
فوٹیج میں ملزم کو گلی سے نکلتے ہی پستول کپڑے میں چھپاتے اور دوسری گلی کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔ گلی کے کونے پر کھڑے افراد نے پولیس کو ملزم کی سمت بتائی، جس پر اہلکاروں نے گلی میں داخل ہو کر مقابلے کے بعد ملزم کو مار گرایا۔
پولیس کے مطابق مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ابوبکر ولد شیر اکبر کے نام سے ہوئی ہے، جو جرائم کی دنیا میں ‘راجو رام چند’ کے نام سے مشہور تھا۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


