کراچی کے علاقے معمار موڑ پر کار سوار کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پاپڑ بیچنے والے بچے کی شناخت عباس کے نام سے ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے گلشن معمار میں کار سوار عارف شاہ کی فائرنگ سے پاپڑ فروش بچہ جاں بحق جبکہ اس کا 4 سالہ بیٹا زخمی ہوا۔
یہ پڑھیں: کراچی: معمار موڑ پر فائرنگ سے بچے کی ہلاکت کا واقعہ نیا رخ اختیار کرگیا
پولیس کا کہنا ہے کہ کار سوار شہری عارف شاہ کو حراست میں لے لیا گیا، واقعے میں اب تک ڈکیتی سے متعلق کوئی شواہد نہیں ملے، واقعہ اتفاقیہ طور پر گولی چلنے کے باعث پیش آیا۔
کار سوار پولیس کو گمراہ کرتا رہا اور کہا کہ بیٹے کو رفع حاجت کے لیے رکا تو مشکوک افراد آگئے جس کے بعد میں فائرنگ کی۔
تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج نے ملزم کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
واقعے کو 24 گھنٹے گزرنے کے بعد پاپڑ فروش بچے کی شناخت عباس کے نام سے ہوگئی ہے، اہلخانہ کا کہنا ہے کہ رات بھر بھائی کو تلاش کرتے رہے مگر پتا نہ چلا، کار سوار نے جان بوجھ کر قتل کو چھپانے کی کوشش کی۔
اہلخانہ نے بتایا کہ عباس بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا اور صبح 10 بجے گھر سے پاپڑ فروخت کرنے کے لیے نکلتا تھا۔
بچے کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


