کراچی(18 ستمبر 2025): جماعت اسلامی نےکراچی چلڈرن غزہ مارچ کا روٹ جاری کر دیا، مارچ میں شارع قائدین کے دونوں ٹریک استعمال ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ شاہراہ قائدین پر آج کراچی چلڈرن غزہ مارچ کیا جائے گا، کراچی کے بچے اس مارچ کے ذریعے دنیا کو پیغام دیں گے کہ وہ اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترجمان کا بتانا ہے کہ مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمنٰ خصوصی خطاب کریں گے، کراچی چلڈرن غزہ مارچ میں شارع قائدین کے دونوں ٹریک استعمال ہوں گے اور دونوں ٹریک پر الگ الگ استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ نرسری سے مزار قائد آنے والے ٹریک پر طالبات موجود ہوں گی جبکہ مزار قائد سے نرسری کی طرف جانے والے ٹریک پر مرد طلبہ شریک ہوں گے، طارق روڈ سگنل پر اسٹیج بنایا گیا ہے۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ضلع وسطی اور ضلع غربی کے اسکول و طلبہ گرمندہ چورنگی سے مارچ میں شامل ہوں گے، ضلع جنوبی کے اسکولز کے طلبہ و طالبات نمائش چورنگی سے شارع قائدین پہنچیں گے۔
ضلع شرقی کے اسکولز کے طلبہ جیل چورنگی سے بذریعہ کشمیر روڈ شارع قائدین پہنچیں گے، ضلع ملیر اور ایئرپورٹ کے اطراف کے طلبہ خالد بن ولید روڈ سے شارع قائدین پہنچیں گے۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ کراچی چلڈرن غزہ مارچ سے حافظ نعیم الرحمان اور منعم ظفر خان خطاب کریں گے، کراچی چلڈرن غزہ مارچ کا آغاز آج صبح 10 بجے سے ہوا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


