کراچی(20 مئی 2026): تھانہ سائٹ سپر ہائی وے کی پولیس کسٹڈی میں مبینہ تشدد کے نتیجے میں ایک بزرگ شہری جاں بحق ہو گیا ہے۔ واقعے کے بعد ورثا نے پولیس پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں جبکہ پولیس حکام نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
متوفی محمد تنویر کے بیٹے نے ایس ایچ او چوہدری نواز پر اپنے والد پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے والد کو پہلے تھانے منتقل کیا گیا اور پھر وہاں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
بیٹے کا کہنا ہے کہ پولیس کسٹڈی میں تشدد کے باعث ان کے والد کی طبیعت بگڑی اور وہ جاں بحق ہو گئے۔ ورثا نے یہ الزام بھی لگایا کہ پولیس گھر کا قبضہ خالی کرانے کے لیے ان کے والد پر مسلسل دباؤ ڈال رہی تھی۔
اہلخانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار ایس ایچ او اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور اعلیٰ حکام واقعے کی شفاف تحقیقات کرا کے انہیں انصاف فراہم کریں۔
دوسری جانب پولیس حکام نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ محمد تنویر کی بہو نے اپنے سسر اور دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا رکھا تھا، اور پولیس اسی مقدمے میں گرفتاری کے لیے محمد تنویر کے گھر پہنچی تھی۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ حراست میں لیے جانے کے دوران بزرگ شہری کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس پر انہیں فوری طور پر پولیس موبائل میں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا لیکن انہوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔
پولیس حکام نے اہلخانہ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ واقعے کی مکمل شفاف انکوائری کی جائے گی اور اگر ورثا مطالبہ کریں گے تو قانون کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
افضل خان اے آر وائی نیوز سے وابستہ کرائم رپورٹر ہیں


