کراچی کے علاقے اعظم بستی میں نوجوان کے قتل اور اس کے دوست کے زخمی ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔
حاصل ہونے والی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے مقتول پر فائرنگ کی تو اس نے جوابی حملہ کیا۔ جوابی فائرنگ سے ایک ملزم کو دو بار گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے کے دوست کی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوا، پولیس کو واقعے کی تحقیقات کرنی چاہیے۔
ادھر پولیس حکام نے بتایا کہ قتل کی سی سی ٹی وی میں ملزمان تربیت یافتہ لگ رہے ہیں۔
اس سے قبل پولیس حکام نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ مقتول کے قتل میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا، ملزمان کی فائرنگ سے 28 سالہ سلمان کو 4 گولیاں لگیں، جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 17 خول برآمد ہوئے۔
حکام کے مطابق گولیوں کے خول کو فرانزک کیلیے لیب بھیجا جائے گا، مقتول کو رات گئے تعاقب کر کے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے نشانہ بنایا، مقتول اپنے دوست کے ساتھ کار میں آیا اور گھر کے باہر اترا، ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ لواحقین کی مدعیت درج کیا جائے گا، مقتول کے زخمی دوست کا بھی بیان لیا جائے گا، سی سی ٹی وی کی مدد سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقتول کے والد نے اپنے بیان میں بتایا کہ میرا بیٹا لیڈیز ٹیلر ہے ہماری کوئی دشمنی نہیں ہے، ملزمان نے ٹارگٹ کر کے قتل کیا کوئی نقدی یا موبائل نہیں لے کر گئے، بیٹے کے دوست کی فائرنگ سے ایک ملزم زخمی ہوا۔