کراچی میں سول اسپتال سے تین ماہ کا بچہ اغوا کرلیا گیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق 24 دسمبر کے روز کراچی کے سول اسپتال سے خاتون تین ماہ کے بچے کو کپڑے میں لپیٹ کر فرار ہوگئی جبکہ اس کے ساتھ ایک مرد بھی موجود ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں خاتون اور مرد کے چہروں کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
مغوی بچے کی والدہ نے واقعے کا مقدمہ عید گاہ تھانے میں درج کروادیا ہے، انہوں نے بتایا کہ جب وہ بچے کو علاج کے لیے سول اسپتال لے کر جارہی تھیں تو میراناکہ کے مقام پر راہگیر خاتون نے روک کر کہا کہ وہ بچے کا مکمل علاج کراوئیں گی۔
بچے کی والدہ کے مطابق وہ اغوا کار خاتون کو جانتی نہیں ہیں وہ انہیں پہلی بار ملی تھی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق 25 دسمبر کے روز بچے کو سول اسپتال میں ڈرپ لگائی گئی اور ڈسچارج کیے جانے کے بعد اغوا کار خاتون بچے کو لے کر اسپتال سے فرار ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون گداگر ہے جو لیاری میراناکہ پر فٹ پاتھ پر رہتی ہے، جو خاتون بچہ لے کر گئی وہ اکثر گداگر میاں اور بیوی کو امداد دیتی تھی۔
پولیس کے مطابق خاتون ملزمہ اکثر وہاں اپنے شوہر کے ساتھ آتی تھی، 25 دسمبر کو خاتون ملزمہ گداگر ماں اور بچے کو لے کر سول اسپتال گئی، جتنے دن بچہ زیر علاج رہا ہے خاتون ملزمہ نے اس کا خرچہ بھی اٹھایا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ خاتون ملزمہ کی تصاویر جاری کردی ہیں اور تلاش جاری ہے۔


