کراچی : لائنز ایریا میں کرائے کا مکان خالی کرانے کے تنازعہ پرچھریاں چل گئیں، جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں ایک مسجد کے قریب کرائے کا مکان خالی کرانے کے تنازع پر دو گروپوں میں خونی تصادم ہوا ہے، جس کے دوران تیز دھار آلات کے آزادانہ استعمال سے 7 افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
واقعے کی چونکا دینے والی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ، پولیس حکام نے بتایا کہ کچھ افراد لائنز ایریا میں ایک کرائے کا مکان خالی کرانے کے لیے آئے تھے، واقعے کے وقت گھر پر کوئی مرد موجود نہیں تھا اور صرف خواتین اکیلی تھیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ گھر میں اکیلی خواتین کو دیکھ کر محلے دار ان کی مدد کے لیے جمع ہو گئے، جس کے بعد مکان خالی کرانے کے لیے آنے والے افراد اور اہل محلہ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے خونی تصادم میں بدل گئی۔
منظرِ عام پر آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں لوگوں کا ایک بڑا ہجوم دیکھا جا سکتا ہے، جس میں اچانک جھگڑا شروع ہوتا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل افراد ایک دوسرے پر چھریاں اور تیز دھار آلے برسا رہے ہیں اور کئی افراد کو چاقو لگنے کے بعد زخمی حالت میں تڑپتے ہوئے بھی واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تیز دھار آلے کے وار سے مجموعی طور پر 7 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔


