کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی بڑھنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا رات کے اوقات میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھرمیں سردی نے ڈیرے ڈال دیے ہیں، بالائی علاقوں اور بلوچستان میں موسم شدید سرد ہوگیا۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران سردی بڑھنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے رات کے اوقات میں درجہ حرارت مزید کم ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ہے اور شمال مشرق سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 6 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ ملک کے شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔
پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں ہلکی دھند چھائے رہنے اور پنجاب کے بیشتراضلاع میں بھی موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں نے کہا کہ اسکردو میں پارہ منفی نو تک جا پہنچا ہے جبکہ استور، گلگت، گوپس، کالام منفی پانچ جبکہ ہنزہ میں منفی چار تک گر گیا۔
قلات منفی تین۔ چترال اور دیر منفی دو اور کوئٹہ میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں چار ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور نو اور کراچی میں صبح سویرے درجہ حرات سولہ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔