کراچی: شہر قائد میں رواں سال کے ابتدائی تین ماہ میں جرائم کی وارداتوں کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا، فائرنگ کے مختلف واقعات میں 95 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
سی پی ایل سی کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا، پولیس پرتشدد واقعات کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آرہی ہے۔
رواں سال کےابتدائی3ماہ جرائم کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنےمیں آیا، سی پی ایل سی نے 3ماہ کے دوران جرائم کے اعداد و شمار جاری کیے جس کے مطابق رواں سال 42 گاڑیاں چھینی اور 321 چوری ہوئیں۔
مزید پڑھیں: کراچی پولیس اور رینجرز کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں، 9 گرفتار
سی پی ایل سی کے مطابق جنوری، فروری اور مارچ میں بالترتیب 13، 13 اور 16 گاڑیاں چھینی گئیں جبکہ 3 ماہ میں 321 گاڑیاں چوری ہونے کے واقعات پیش آئے جن میں سے پولیس 133 گاڑیاں برآمد کرسکی۔
کراچی کے مختلف تھانوں نے مارچ میں43،فروری میں41،جنوری میں49گاڑیاں برآمد کیں جبکہ فائرنگ کے مختلف واقعات میں 95 افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے مارچ میں 36 ، فروری میں 38 اور جنوری میں 21 شہریوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
سی پی ایل سی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے ابتدائی تین ماہ میں 2 بینک ڈکیتیوں کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سے ایک جنوری اور دوسرا فروری میں پیش آیا۔