کراچی : ماہ رمضان میں جہاں مہنگائی بے قابو ہے وہیں شہر قائد میں اسٹریٹ کرمنلز بھی بے لگام ہوگئے ہیں، بارہ روز میں آٹھ سو موبائل فونز چھین لئے گئے جبکہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نو افراد کو قتل اور ستائیس زخمی ہوئے۔
رمضان المبارک میں اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوگیا ہے، ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر اب تک نو افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، رمضان کے بارہ روز میں سولہ سو سے زائد موبائل فونز ، موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں سے محروم کردیا گیا، شہر میں روزانہ اوسطاً ساٹھ شہریوں سے موبائل فونز چھینے جاتے ہیں۔
سی پی ایل سی کے مطابق رمضان المبارک میں اب تک آٹھ سو موبائل فونز، پانچ سو تیس موٹر سائیکلیں چھینی اور تین سو پانچ موٹر سائیکلیں چوری کی گئیں جبکہ اکتالیس دیگر گاڑیوں کے مالکان بھی گاڑیوں سے محروم ہو گئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر نو افراد جاں بحق اور ستائیس زخمی ہوئے، رمضان میں بھتہ خور بھی
خاصے سرگرم ہیں، پولیس کے مطابق بھتہ نہ دینے پر تین افراد کو قتل کیا گیا جبکہ مختلف علاقوں میں بھتے طلب کئے جانے کی پانچ شکایات بھی درج کرائی گئیں ہیں۔