کراچی(22 اکتوبر 2025): شہر قائد میں اسٹریٹ کرائم سے پریشان شہری خود ملزمان کا مقابلہ کرنے لگے ہیں، ایک سرپھرا شہری ڈاکوؤں کے گلے پڑ گیا، واقعے کی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں شہری نے ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی کوشش ناکام بنادی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے موٹر سائیکل سوار دو ملزمان گلی میں آئے ایک ملزم نے بائیک روکتے ہی پستول نکالی اور شہری کی طرف گیا، شہری ملزم کو دیکھ کر کھڑا ہوا اور موقع ملتے ہی دھکا دیا۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں ملزمان نیچے گر گئے، دھکا لگنے سے ملزم کا پستول بھی نیچے گر گیا، ملزمان شہری پر تشدد کرنے لگے تو شہری نے ملزم کا پستول لوڈ کرلیا ملزمان اپنی، موٹر سائیکل اور پستول دونوں چھوڑ کر بھاگ گئے۔
پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے پرانا حاجی کیمپ گلی نمبر ایک کے قریب چائے کے ہوٹل پر فائرنگ سے وہاں پر بیٹھا شخص ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق ہوٹل کے مالک نے ڈاکو سمجھ کر فائرنگ کردی تھی۔ ہوٹل کے مالک کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ کورنگی چکرا گوٹھ میں لوٹ مار کرنے والے 2 ڈاکوؤں کو شہریوں نے پکڑ لیا جس کے بعد عوام کے تشدد اور فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔
پولیس کی بروقت کارروائی، ملزمان پستول اور موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


