کراچی کے علاقے کلفٹن تین تلوار کے قریب ڈاکٹر آکاش کی کار پر فائرنگ کی ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کو موصول ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملزم بھاگتا ہوا آیا پہلے گارڈ پر فائرنگ کی پھر ملزم نے کار کا گیٹ کھولا اور پیسوں سے بھرا بیگ اٹھایا۔
ملزم نے جلدی میں ایک بیگ اٹھایا جبکہ دوسرا بیگ مقتول کے ہاتھ میں تھا، ڈاکو نے ڈاکٹر آکاش پر فائرنگ کی اسی دوران بھگدڑ مچ گئی۔
بعدازاں مقتول ڈاکٹر آکاش کے چچا کھیم چند نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت ان کے ساتھ والد اور کزن بھی ساتھ تھے، بینک کے باہر سرعام فائرنگ کرکے میرے معصوم بھتیجے کو قتل کیا گیا ہے، ہمارا تعلق کاروباری خاندان سے ہے اور ہم ملک کے نامور صنعتکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کی مخدود صورتحال میں ہمارے بچوں کو قتل کیا جارہا ہے، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور اعلیٰ حکام ان واقعات کا فوری نوٹس لیں۔
مقتول کے چچا نے کہا کہ ایسے سڑکوں پر قابل لوگوں کو مارا جائے گا تو کون یہاں رہنا پسند کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر آکاش جناح اسپتال میں 2 سال سے ڈیوٹی کررہے تھے، ان کی عمر 28 سال تھی اور وہ غیر شادی شدہ تھے۔


