کراچی (3 دسمبر 2025): پولیس کی کاروں پر نصب کیمرے، اسکینرز اور ڈرون کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ای چالان جاری کیا جائے گا۔
کراچی میں نافذ فیس لیس ای ٹکنگ سسٹم کی کارکردگی و دیگر شہروں تک وسعت دینے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا جس کی صدارت آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: ای چالان ادا نہ کرنے والے کا لائسنس کیسے اور کب معطل ہوگا؟
اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں ای چالان کے نفاذ کے بعد 23 ہزار سے زائد شہریوں نے سہولت سینٹرز کا دورہ کیا جبکہ جرمانوں کو چیلنج کرنے والے شہریوں کی تعداد 200 سے بھی کم رہی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب تک جاری ہونے والے 90 فیصد ای چالان معاف کر دیے گئے، مجموعی طور پر 4 ہزار جرمانوں کی مد میں 2 کروڑ 50 لاکھ روپے وصول کیے چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں نو پارکینگ یا لین کی خلاف ورزی کی روک تھام کیلیے زمینی و فضائی نگرانی کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے اجلاس کو بتایا کہ ٹریفک پولیس کی کاروں پر نصب کیمرے، اسکینرز اور ڈرون سے نو پارکنگ پر کھڑی گاڑیوں کو ای چالان جاری کریں گے۔
اجلاس میں آئی جی پولیس سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ کراچی میں فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی موصول ہوئی، کیمروں کی تنصیب سے ٹریفک قوانین کی پاسداری کی جا رہی ہے، سفر کے دوران غیر ضروری تاخیر کی شکایت بھی انتہائی کم ہوگئی ہے۔
غلام نبی میمن نے کہا کہ اب اس جدید ٹیکنالوجی کے ثمرات صوبے کے دیگر شہروں تک بھی منتقل کرنے ہیں، نئے موٹروہیکل قانون کے تحت تمام اضلاع میں سہولت سینٹرز قائم کرنے ہیں۔
انہوں نے فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم دیگر شہروں میں متعارف کروانے کیلیے ڈی آئی جیز ٹریفک، آئی ٹی اور ڈویژنل ڈی آئی جیز کو ذمہ داریاں تفویض کر دیں۔
ڈی آئی جی آئی ٹی کیمروں، ریکارڈنگ اینڈ اسٹوریج، انٹرنیٹ سہولیات و دیگر تکنیکی وسائل کا جائزہ لیں گے۔


