کراچی (16 جون 2026): ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کا کہنا ہے کہ ای چالان سے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
کورنگی ایسوی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے کہا کہ شہر کی مرکزی شاہراہوں پر احتجاج کے باعث ٹریفک کی بندش کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، گزشتہ برس متعارف کروایا گیا ای چالان سسٹم عوام میں مقبول ہوا اور تقریباً 70 فیصد شہریوں نے اسے مثبت انداز میں قبول کیا۔
پیر محمد شاہ نے کہا کہ ای چالان سسٹم اور جدید نگرانی کے نظام کے باعث ٹریفک قوانین پر عملدرآمد بہتر ہوا ہے جس کے نتیجے میں حادثات میں نمایاں کمی آئی۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پہلی بار لین خلاف ورزی پر چالان کا آغاز ہوگیا
انہوں نے بتایا کہ اس وقت 1300 کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 2250 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی اور اس معاملے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، موٹرسائیکل کے مختلف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ڈھائی ہزار روپے جرمانہ مقرر ہے جو حکومت کی جانب سے قانون سازی کے بعد نافذ کیا گیا۔
پیر محمد شاہ کے مطابق شہر میں چونتیس ایسے مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں ٹریفک کا دباوٴ زیادہ رہتا ہے، سڑک پر غلط پارکنگ کرنے والوں کے خلاف ٹریفک فلو یونٹ فوری کارروائی کرتے ہوئے چالان جاری کرتا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی، ای چالان سسٹم اور کیمروں کے وسیع ہوتے نیٹ ورک کے ذریعے کراچی میں ٹریفک نظم و ضبط کو مزید موٴثر بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔


