کراچی (18 جون 2026): ذہنی توازن ٹھیک نہ ہونے کے باعث سول اسپتال کے قریب اپنے بچوں سے بچھڑ جانے والی خاتون 19 برس بعد اپنے خاندان سے مل گئی۔ نارتھ کراچی ایدھی شیلٹر ہوم میں خاتون زلیخا سے اس کے رشتے داروں کی جذباتی ملاقات ہوئی۔
ستمبر 2007 کا ایک دن تھا جب سول اسپتال کے قریب سے 30 سالہ زلیخا نے خود کو انسانوں کی بھیڑ میں اچانک اکیلا پایا، اور اسے اپنا کوئی شناسا دکھائی نہیں دیا، اسپتال کے قریب لاوارث حالات میں ملنے والی جوان زلیخا اب 49 برس کی ہو چکی ہے۔
19 برسوں سے زلیخا کے بچوں اور رشتے داروں نے اسے ہر جگہ تلاش کیا لیکن نہ ملنے پر وہ لوگ مایوس ہو چکے تھے۔ لگ بھگ دو دہائیوں بعد ایدھی فاوٴنڈیشن نے بدین میں زلیخا کے رشتہ داروں کو ڈھونڈ نکالا۔
غیرت کے نام پر قتل، سماجی روایت یا کچھ اور؟ ویڈیو رپورٹ
کئی برس تک لاپتا رہنے والی بوڑھی ماں سے جوان سال بچوں کی ملاقات ہوئی، تو یہ ایک ایسا لمحہ تھا جو بے پناہ جذبات سے بھرا ہوا تھا۔
تمام تر ضابطے کی کارروائی کے بعد زلیخا اپنے اہل خانہ کے ساتھ اپنے آبائی علاقے بدین روانہ ہو چکی ہے۔


