کراچی : سندھ حکومت نے کراچی سے باہر پاکستان کا پہلا ایجوکیشن سٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا‘ دس نامور جامعات نے کیمپس کے لیے درخواست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی سے باہر ایجوکیشن سٹی بسانےکے منصوبہ تیار کرلیا ہے جس میں درخواست کنندہ جامعات زمین خریدیں گی ‘ جبکہ سندھ حکومت انفرا سٹرکچر فراہم کرے گی اور منصوبے تک سڑکوں کی تعمیر بھی کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اس منصوبے کی سمری منظور کی جاچکی ہے اور اس کی تکمیل میں دوسال کا عرصہ درکار ہے ۔ زمین کے معاملات کاطریقہ کار بورڈ آف انویسٹ منٹ طے کرے گا ۔
ایجوکیشن سٹی میں این ای ڈی یونی ورسٹی‘ جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی‘ مہران یونی ورسٹی‘ آغا خان یونی ورسٹی‘ ‘ بحریہ یونی ورسٹی ‘ لیاقت نیشنل اسپتال یونی ورسٹی اور ضیاالدین سمیت دس سرکاری اور نجی جامعات اپنے کیمپس کے قیام کی خواہش مند ہیں۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت نے پاکستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس ایجوکیشن سٹی کا منصوبہ تیار کیا ہے اور اس کے لیے 9 ہزار ایکڑ کی زمین مختص کی ہے۔
اس مقصد کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے علاقے کا سروے بھی کیا گیا ہے اور قطر‘ ملیشیا اور متحدہ عرب امارات میں پہلے سے موجود اسی نوعیت کے ایجوکیشن سٹیز کا دورہ کرکے جائزہ بھی لیا گیا ہے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔