کمشنر کراچی حسن نقوی نے شہر میں تجاوزات کیخلاف کارروائیوں کے نتائج پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
کمشنر کراچی نے اسسٹنٹ کمشنرز کی دی گئی وضاحتیں اور کسی بھی قسم کا عذر قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے دوٹوک ہدایت کی ہے کہ مین شاہراہوں پر تجاوزات اور ہوٹل سیٹنگز قائم کرنےکی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے چائے خانوں کو نظم وضبط میں لانے کیلئے اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے ہر ٹاؤن میں اوپن اسپیسز تلاش کر کے ٹاؤن کونسلز کی مشاورت سے اجازت دینے پر غور کیا گیا ہے۔
کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع کورنگی میں تجاوزات کے خلاف 31 آپریشنز کیے گئے جب کہ ضلع وسطی میں18، ضلع شرقی میں 13 اور ضلع ملیر میں 5 آپریشنز کیے گئے۔ ضلع جنوبی میں 36 جبکہ ضلع غربی میں 9 تجاوزات کے خلاف آپریشنز کیے گئے۔
کمشنر کراچی نے آپریشنز کے باوجود تجاوزات قائم رہنے اور ٹریفک جام کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آخری وارننگ دی کہ مین شاہراہوں پر انسداد تجاوزات کارروائی میں مزید بہتری لائی جائے۔


