بدھ, ستمبر 16, 2026
اشتہار

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کی وجہ موت جاننے کے لیے قبرکشائی آج ہو گی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی(8 اگست 2026): پراسرار حالات میں جان کی بازی ہارنے والے کراچی کے نوجوان تاجر میر رضا علی کی قبر کشائی آج صبح 11 بجے کی جائے گی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں میڈیکل بورڈ کارروائی سر انجام دے گا، جبکہ پولیس سرجن کراچی نے قبر کشائی کا شیڈول جاری کرتے ہوئے تمام بورڈ ممبران کو صبح ساڑھے 10 بجے قبرستان پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

اس حوالے سے ایس ایس پی ایسٹ، متعلقہ ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسر کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ میر رضا علی کی قبر کشائی کے معاملے پر والد کے شدید مطالبے پر محکمہ صحت سندھ نے مؤقف تبدیل کرتے ہوئے سب سے پہلے بنائے گئے اصل میڈیکل بورڈ کا نوٹیفکیشن بحال کر دیا ہے۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ سید بورڈ کی کنوینر برقرار رہیں گی، جبکہ میڈیکل بورڈ میں پیتھالوجسٹ اور فرانزک ماہرین بھی شامل ہیں۔ بورڈ میں فرانزک ایکسپرٹ ڈاکٹر فرح وسیم، پیتھالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر نسیم، سی پی ایل سی شناخت پروجیکٹ کے فرانزک آئیڈینٹی فکیشن ایکسپرٹ عامر حسن اور دیگر ماہرین شامل ہیں جو ضرورت پڑنے پر مزید ماہرین کو بھی بورڈ میں شامل کر سکیں گے۔

اس سے قبل میڈیکل بورڈ کے تنازع اور تضادات کے باعث جمعہ کو قبر کشائی کا عمل التوا کا شکار ہو گیا تھا۔ میر رضا کے والد میر حسین اور ورثا کے وکیل جبران ناصر نے پولیس سرجن اور سیکریٹری صحت کو ہنگامی نوٹس ارسال کیے تھے اور نئے میڈیکل بورڈ پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

قبرستان میں دونوں میڈیکل بورڈز کے ارکان بھی موجود رہے تھے، جس پر وکیل جبران ناصر نے وزیراعلیٰ سندھ سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔مجسٹریٹ نے واضح کیا ہے کہ تفتیشی افسر، فریقین کے بیانات اور تمام اعتراضات کی روشنی میں رپورٹ مجسٹریٹ کو پیش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ جمعرات کو قبر کشائی کے لیے بنائے گئے پہلے میڈیکل بورڈ کو رات گئے تبدیل کر کے دوسرے بورڈ میں 8 کی بجائے 5 ارکان شامل کیے گئے تھے اور حیدرآباد کے پولیس سرجن ڈاکٹر وسیم کو بھی اس کا حصہ بنایا گیا تھا۔

میر رضا کے والد کی جانب سے دوسرے بورڈ کو مسترد کرنے پر تیسرا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں پہلے اور دوسرے میڈیکل بورڈز کو ضم کر دیا گیا تھا، تاہم میر رضا علی کی فیملی نے تیسرے نوٹیفکیشن پر بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں