جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

کراچی: ایچ آئی وی کی تشخیص کے لیے ایکسپائر ٹیسٹنگ کٹس استعمال ہونے کا انکشاف

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: ایچ آئی وی کی تشخیص کے لیے ایکسپائر ٹیسٹنگ کٹس استعمال ہونے کا انکشاف سامنے آیا، ماضی میں اموات اور 100 سےزائدبچوں میں ایچ آئی وی پھیل چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے سائٹ ایریا میں واقع کلثوم بائی ولیکا اسپتال میں بچوں میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کے سنگین بحران کے بعد انتظامیہ اور طبی عملے کی ایک اور بڑی مجرمانہ غفلت سامنے آئی۔

اسپتال میں ایچ آئی وی کی تشخیص کے لیے زائد المیعاد (ایکسپائرڈ) ٹیسٹنگ کٹس استعمال کیے جانے کا سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔

اسپتال ذرائع نے بتایا کہ ماضی میں اسی اسپتال میں مبینہ طبی غفلت کے باعث متعدد ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور 100 سے زائد بچوں میں ایچ آئی وی کا وائرس پھیلنے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

اس ہولناک اسکینڈل اور ماضی کے سنگین واقعات کے باوجود طبی عملہ ہوش کے ناخن لینے کو تیار نہیں اور تاحال غفلت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ رواں ماہ بھی اسپتال میں آنے والے مریضوں کی اسکریننگ کے لیے مبینہ طور پر ایکسپائرڈ ٹیسٹنگ کٹس ہی استعمال کی جا رہی ہیں، جس سے ٹیسٹ کے نتائج غلط آنے اور وائرس کے مزید پھیلاؤ کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

دوسری جانب اسپتال کے ذمہ داران نے زائد المیعاد کٹس کی موجودگی اور ان کے استعمال کا اعتراف کرتے ہوئے یہ عجیب و غریب موقف اپنایا ہے کہ وہ ان ایکسپائرڈ کٹس کی "افادیت چیک” کر رہے تھے۔

متاثرہ علاقے کے شہریوں اور مریضوں کے اہل خانہ نے اس مجرمانہ غفلت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ اور محکمہ صحت سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار عملے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں