کراچی : سولجربازار میں گیس لیکج دھماکے سے رہائشی عمارت گرگئی ، جس کے نتیجے میں 16 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث دھماکے کے نتیجے میں دو منزلہ رہائشی عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا، حادثے میں ایک بچی سمیت 16 افراد جاں بحق جبکہ 14 افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تاہم تنگ گلیوں کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے میں مزید ایک سے دو افراد کی موجودگی کی اطلاع ہے۔
ڈی سی ایسٹ نصراللہ عباسی کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد میں ایک بچی، تین خواتین اور مرد شامل ہیں، تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے تاہم جاں بحق افراد میں دس سالہ نازیہ اور ساٹھ سالہ ریاض کی شناخت ہوگئی۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کے گراؤنڈ فلور پر گیس سلنڈر لیک ہونے کے باعث دھماکہ ہوا، جس کی شدت سے عمارت کا بڑا حصہ زمین بوس ہوگیا۔ ع
لاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اطراف کی عمارتیں بھی لرز اٹھیں۔
ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ ملبے میں مزید افراد کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


