کراچی : گلشن اقبال میں بحالی سینٹر میں معذور بچے پر تشدد کرنے والی خاتون ٹیچر کو برطرف کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال بحالی سینٹر میں معذور بچے پر تشدد کرنے والی خاتون ٹیچر کو انتظامیہ نے برطرف کردیا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ واقعے کے بعد سینٹر کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ صرف خون کے رشتے دار ہی مقدمہ درج کروا سکتے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا تھا کہ بچے کے والدین سے قانونی کارروائی کے حوالے سے رابطہ کیا گیا، مگر انہوں نے مقدمہ درج کرانے سے انکار کردیا۔
مزید پڑھیں : کراچی : بحالی سینٹر میں ٹیچر کے معذور بچے پر بدترین تشدد کی ویڈیو وائرل
یاد رہے کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 6 میں قائم ایک بحالی سینٹر میں معذور بچے پر تشدد کا واقعہ سامنے آیا تھا۔
جس کے بعد الطاف حسین نامی شہری نے بحالی سینٹر کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، مدعی نے بتایا تھاکہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں ایکرو آٹزم کیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن آرگنائزیشن کے اندر ایک ٹیچر کو معذور بچے کو بے دردی سے مارپیٹ کرتے دیکھا گیا۔
مدعی کا کہنا تھا کہ سینٹر میں معذور بچوں کو تربیت اور بحالی کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، تاہم متعلقہ ٹیچر کی جانب سے معذور بچے پر شدید تشدد کیا گیا، ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد تھانے مقدمہ اندراج کے لیے آیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


