کراچی: جناح اسپتال کے شعبہ حادثات میں آگ لگنے سے بھگدڑ مچ گئی تاہم آگ پر قابو پالیا گیا۔
کراچی میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کے شعبہ حادثات میں اچانک آگ لگنے سے اسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم انتظامیہ کے مطابق صورتحال پر قابو پا لیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ آگ شعبہ حادثات کی عقبی سمت (بیک سائیڈ) میں موجود آؤٹر ایریا میں لگی اور آگ لگنے کے باعث دیکھتے ہی دیکھتے گہرا دھواں ایمرجنسی وارڈ کے اندر پھیل گیا۔
جس کی وجہ سے وہاں موجود مریضوں، ان کے لواحقین اور طبی عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وارڈ میں بھگدڑ مچ گئی۔
جناح اسپتال کے حکام کا کہنا ہے کہ اسپتال کے فائر فائٹنگ سسٹم اور عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا ہے، آگ عمارت کے اندر نہیں بلکہ باہر کے حصے میں لگی تھی، لیکن دھوئیں کے دباؤ کی وجہ سے وارڈ متاثر ہوا۔
تمام مریض محفوظ ہیں اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے ، آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا، تاہم انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں


