کراچی: گلشن مزدور میں رہائشی عمارت میں آگ لگ گئی، عمارت کے اندر کچھ لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن گلشن مزدور میں ایک رہائشی عمارت میں اچانک آگ لگ گئی۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ عمارت کے اندر کچھ لوگ پھنسے ہوئے ہیں تاہم فائر بریگیڈ کو اطلاع دے دی گئی ہے اور پولیس بھی موقع پر پہنچ چکی ہے۔
شہری اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ عمارت کے دروازے توڑ کر لوگوں کو نکالنے کی کارروائی جاری ہے۔
آگ بجھانے اور متاثرین کو محفوظ نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔
گلشنِ مزدور بنیادی طور پر چھوٹے اور کم قیمت رہائشی یونٹس پر مشتمل رہائشی اسکیم ہے، جس میں زیادہ تر 60 گز کے پلاٹ اور چھوٹے گھر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے، 17 جنوری کی رات کو ایم اے جناح روڈ پر گل پلازا میں بھی ایک بڑا آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں کمرشل عمارت میں آگ لگی اور درجنوں افراد پھنس گئے تھے۔ یہ واقعہ شہر کے ہنگامی ردعمل کے نظام کی خامیوں کو سامنے لے آیا تھا۔


