کراچی: شہر قائد میں ایک ہی دن دو مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات پیش آئے، شارع فیصل نرسری کے قریب کاسمیٹکس فیکٹری میں آگ لگ گئی جس میں ایک شخص جاں بحق دو زخمی ہوگئے جبکہ لسبیلہ میں قالین کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک ہی دن دو جگہ آتشزدگی کے واقعات پیش آئے ہیں، پہلے واقعے میں شارع فیصل کے قریب کاسمیٹکس فیکٹری میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لیپٹ میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق نرسری پر پہلے آگ لگی جس کے بعد گودام میں رکھے کیمیکل میں دھماکا ہوا، فیکٹری میں دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔
دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ایک عمارت کی دیوار گرگئی۔ ریسکیو آپریشن میں فائر بریگیڈ اور ایدھی رضاکاروں نے حصہ لیا۔
دریں اثناء ابھی کاسمیٹکس فیکٹری کی آگ کے شعلے ٹھنڈے بھی نہیں ہوئے تھے کہ لسبیلہ کے قریب قالین کے گودام جس میں دو افراد جھلس گئے، فائربریگیڈ کی چھ گاڑیوں نے بڑی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔