کراچی : گلشن اقبال میں فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، جھگڑے کے دوران فائرنگ سے عبدالمقصد کو گولی لگی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں فائرنگ کے ایک واقعے میں نوجوان عبدالمقصد جاں بحق ہو گیا۔
مقتول کی عمر 17 سال تھی اور وہ پی آئی بی کالونی کا رہائشی تھا۔ ورثاء کے مطابق عبدالمقصد چار بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا، جب وہاں تین لڑکوں اور دو لڑکیوں کے درمیان جھگڑا ہو رہا تھا۔ پولیس کے مطابق عبدالمقصد جھگڑے کے قریب کھڑا تھا کہ اچانک فائرنگ ہوئی اور اسے گولی لگی، وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول سے لوٹ مار نہیں ہوئی اور اس کا موبائل فون اور پرس محفوظ تھا۔
پولیس نے کہا ہے کہ جھگڑے میں شامل افراد کی تلاش جاری ہے اور یہ واضح نہیں کہ عبدالمقصد جھگڑے میں شامل افراد کے ساتھ تھا یا نہیں، تحقیقات جاری ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


