کراچی : گلشن اقبال تیرہ ڈی ون میں فائرنگ سے علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا، عدالتی احکامات پر عملہ اور پولیس گھر خالی کرانے پہنچے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال 13 ڈی ون میں گھر خالی کرانے کے دوران فائرنگ کے واقعے سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس نے بتایا کہ عدالتی احکامات پر عملہ اور پولیس ٹیم گھر خالی کرانے کے لیے موقع پر موجود تھی کہ اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے وقت علاقے کے متعدد مکین وہاں موجود تھے، جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ اہلکاروں کی موجودگی میں کی گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے بتایا کہ کشیدہ صورتحال کے باعث گھر خالی کرانے کا عمل روک دیا گیا ہے اور اسے ایک روز کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔


