کراچی : شہرِ قائد کے علاقے منظور کالونی میں خاندان کے چار افراد کے قتل کی اندوہناک واردات پیش آئی، جہاں مکان سے میاں بیوی اور دو بچوں کی لاشیں ملیں، جنہیں تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا، قتل کے بعد ملزمان نے گھر کو آگ لگادی۔
پولیس کے مطابق منظور کالونی کے مکان سے ایک ہی خاندان کے چار افراد کی لاشیں ملیں، ملزمان نے مقتولین کو نشہ آور دوا پلانے کے بعد تیز دھار آلے سے قتل کیا اور گھر کو آگ لگادی ، جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت پینتالیس سالہ طارق، چالیس سالہ سمینہ، پندرہ سالہ سعد اور تیرہ سالہ رومیسہ شامل ہیں۔
مکان سے آٹھ سالہ حماد بھی زخمی حالت میں ملا، جسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق محمد طارق ڈھائی سال سے اپنے چچا کے گھر کرائے پر رہ رہا تھا، اس کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے، مقتول طارق کے چچا کا کہنا ہے کہ گھر میں دھواں اٹھنے کے باعث انہیں واقعے کا علم ہوا، محمد طارق کی کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی، وہ بچوں کو گھر گھر جاکر قرآن شریف پڑھاتا تھا۔
محمد طارق کے تین بیٹے اور ایک بیٹی تھی، واقعے میں ایک بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوئے جبکہ ایک بیٹا حماد زخمی ہوا اور تیسرا بیٹا محمد باسط ہے، جو وقوعہ کے وقت مدرسے میں تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے، عینی شاہد کے بیانات قلم بند کئے جارہے ہیں، گھر سے ملنے والے شواہد کو تحویل میں لے لیا گیا ہے، ابتدائی طور پر واقع ذاتی دشمنی معلوم ہوتا ہے ۔