کراچی: شہر قائد کے علاقے گارڈن میں علی الصبح کار پر فائرنگ کی گئی ہے، واقعے میں 2 ٹک ٹاک اسٹار سمیت چار افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ گارڈن میں انکل سریا اسپتال کےقریب کارپر فائرنگ کی گئی، حملہ آوروں نے تعاقب کے بعدکار سوار افرادپر فائرنگ کی، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوئے۔
فائرنگ کے واقعے میں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دوران علاج مزید دو زخمی دم توڑ گئے، جن کی شناخت ریحان شاہ اور عامرخان کے ناموں سے کی گئی۔
بعد ازاں ایس ایس پی سٹی سرفراز نواز نے فائرنگ کے واقعے سے متعلق مفصل بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ کار پر فائرنگ کا واقعہ صبح پونے پانچ بجے پیش آیا، واردات میں ایک موٹر سائیکل اور رکشے کا استعمال کیا گیا۔
سرفراز نواز کے مطابق ملزمان نے کار کا پیچھا کرنے کے بعد اس پر فائرنگ کی، ملزمان کی فائرنگ سے کار میں سوار خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوئیں، جن کی شناخت مسکان کے نام سے کیں گئیں، بعد ازاں گاڑی میں موجود تین افراد نے گاڑی بھگائی تو ملزمان نے ایک بار پھر ان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تینوں افراد شدید زخمی ہوئے۔
ایس ایس پی کے مطابق تینوں زخمی افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکے، جائے وقوع سے ایم ایم پستول کے9 خول ملے ہیں، سرفراز نواز نے انکشاف کیا کہ فائرنگ سے جاں بحق خاتون اور دو افراد ٹک ٹاک اسٹار تھے، واردات میں کتنے ملزمان ملوث تھا؟اس کا اندازہ لگانا مشکل ہے، واقعہ صبح سویرے پیش آنے کے باعث عینی شاہدبھی سامنےنہیں آسکا ،جس جگہ فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا، اطراف سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنےکی کوشش کی جارہی ہے۔
فائرنگ کی فوٹیج اے آر وائی نیوز پر
گارڈن فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، فوٹیج میں موٹر سائیکل اور رکشے کو کار کاتعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ فائرنگ کے وقت اسپتال کا عملہ بھاگتے ہوئے دکھائی دے رہا ہے۔
جاں بحق ٹک ٹاک اسٹار کی ویڈیو منظر عام پر
دوسری جانب مقتولہ مسکان کی زخمی شخص کےساتھ بنائی گئی ٹک ٹاک ویڈیو منظرعام پرآئی ہے، یہ ٹک ٹاک ویڈیو فائرنگ کے واقعےسے کچھ دیر قبل بنائی گئی تھی، ٹک ٹاک ویڈیو میں زخمی عامر اور مقتولہ مسکان کو دیکھا جاسکتا ہے۔
#karachi#TikToker muskaan and his friend aamir khan both killed in firing incident at garden area. #TikTok #tiktokers pic.twitter.com/guck4aY1Xx
— shahmir khan (@shahmir52_khan) February 2, 2021
عینی شاہد کا بیان
گارڈن میں کارپر فائرنگ سےخاتون ٹک ٹاکر سمیت چار افرادکی ہلاکت سے متعلق کیس میں اے آروائی نیوز نے عینی شاہدین کے بیان حاصل کرلیا ہے، عینی شاہد کے مطابق فائرنگ کے بعد ایک زخمی جان بچانے کیلئےانکل سریا اسپتال میں داخل ہوا، اسی دوران اسپتال میں فائرنگ شروع ہوگئی، میں فائرنگ سےڈر کر بھاگا، فائرنگ تھمنے کے بعد واپس آیا تو دیکھا کہ ایک لاش پڑی ہے۔
عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ملزمان کو نہیں دیکھ سکا ،حملہ آور فائرنگ کرکے فوری فرار ہوگئے تھے۔