کراچی(18 مارچ 2026): شہر کے علاقے گلشنِ معمار، گبول گوٹھ کے قریب مبینہ ڈکیتی کے دوران شہریوں نے دو ڈاکوؤں کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق عبداللہ گوٹھ میں چار مسلح ملزمان کامران نامی شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اسی دوران وہاں موجود لوگ جمع ہو گئے اور ملزمان کو گھیر لیا۔
مشتعل شہریوں نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی اور ان پر بدترین تشدد کیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول میں لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ملزم گولی لگنے سے جبکہ دوسرا تشدد کے باعث زخمی ہوا ہے اور دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے دو پستول بھی برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس نے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


