کراچی : ٹرٹل بیچ کے قریب خاتون کی سربراہی میں اجوے کا اڈہ چلنے کا انکشاف سامنے آیا تاہم پولیس نے انتہائی مطلوب ملزمہ زبیدہ عرف ادیبہ کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ماڑی پور پولیس نے ٹرٹل بیچ کے قریب ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے خواتین کی سرپرستی میں چلنے والے جوے کے اڈے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
پولیس نے کارروائی کے دوران 40 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں جوے کے نیٹ ورک کی ماسٹر مائنڈ اور پولیس کو انتہائی مطلوب ملزمہ زبیدہ عرف ادیبہ بھی شامل ہے۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر کیے گئے اس چھاپے کے دوران ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ 50 ہزار روپے سے زائد کی داؤ پر لگی رقم برآمد کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ جوئے کی واردات میں استعمال ہونے والے گیمبلنگ آرٹیکلز اور دیگر متعلقہ سامان بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ زبیدہ عرف ادیبہ شہر میں جوے کے منظم کاروبار کے حوالے سے ایک عرصے سے پولیس کو مطلوب تھی۔
پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش میں تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


