کراچی(11 اپریل 2026): پولیس نے تعلیمی اداروں میں وارداتیں کرنے والے منظم گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس نے ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں وارداتیں کرنے والے منظم گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت جان شیر اور مصدق عرف موسیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔
تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے کہ یہ گینگ سال 2023 سے شہر کے مختلف علاقوں میں سرگرم تھا اور واردات سے قبل باقاعدہ اسکولوں کی ریکی کرتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان اسکول میں تعینات سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا کر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو جاتے تھے۔ ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے گلشنِ اقبال بلاک 3 اور بلاک 6 سمیت متعدد علاقوں کے اسکولوں کو نشانہ بنایا۔
پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر بھاری مقدار میں مسروقہ سامان برآمد کر لیا ہے، جس میں 20 سی پی یو، 22 کمپیوٹر ایل سی ڈی، ایک ایل ای ڈی، 3 اے سی اور ایک این وی آر شامل ہے۔ اس کے علاوہ وارداتوں میں استعمال ہونے والی سوزوکی گاڑی بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہے۔
ترجمان ایسٹ پولیس کے مطابق اسکول انتظامیہ کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف 4 مختلف مقدمات درج ہیں اور ان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ گینگ کے دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


