کراچی : جیکب لائنز کے فلیٹ میں خاتون کی لا پرواہی نے گھر میں تباہی مچادی ، جس کے نتیجے میں خاتون اور 5 بچے جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کوریڈور تھری کے قریب جیکب لائنز میں واقع ایک فلیٹ میں گیس لیکیج کے باعث خوفناک دھماکا ہوا، واقعے کے فوراً بعد گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔
جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور ان کے 5 بچے شدید جھلس کر زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ خاتون نے رات میں گیس کھلی چھوڑ دی تھی اور صبح کے وقت ناشتہ بنانے کے لیے اٹھیں تو جیسے ہی ماچس جلائی گیس جمع ہونے کے باعث زور دار دھماکا ہوگیا، دھماکے سے پورا فلیٹ لرز اٹھا اور آگ تیزی سے پھیل گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ٹیمیں اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق تمام زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ابتدائی طور پر گیس لیکیج کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


