The news is by your side.

Advertisement

کراچی میں گھر کی گیس لائن میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق

کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں گھر کی گیس لائن میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے نیو کراچی دو منٹ چورنگی کے قریب گھر کی گیس لائن دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق کھدائی کے دوران جب گیس لائن متاثر ہوئی تو اس کی مرمت کیے بنا کام جاری رکھا گیا جس کی وجہ سے لائن میں پریشر بن گیا اور جب زور دار دھماکے سے لائن پھٹی تو اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں ایک مکان زمیں بوس ہوا جب کہ دو خواتین اور ایک بچے سمیت 5 افراد جھلس کر زخمی ہوئے، اسپتال میں 2 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے قوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل کراچی کے علاقے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب سلنڈر دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔

زخمی شخص کی شناخت 35 سالہ رمیز کے نام سے ہوئی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ سلنڈر دھماکہ پیٹرول پمپ پر ہوا ہے جس سے پیٹرول پمپ پر موجود دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

Comments

یہ بھی پڑھیں