کراچی(13 اکتوبر 2026): قصبہ کالونی میں مبینہ طور پر زہریلی چیز کھانے کے نتیجے میں ڈھائی سالہ بچی جاں بحق جبکہ اس کا تین سالہ بھائی شدید بیمار ہو گیا۔
کراچی کے علاقے پیرآباد کے قریب قصبہ کالونی میں مبینہ طور پر زہریلی چیز کھانے کے نتیجے میں ڈھائی سالہ بچی جاں بحق جبکہ اس کا تین سالہ بھائی شدید بیمار ہو گیا۔ واقعے نے علاقے میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دونوں معصوم بچے اپنے گھر کے باہر کھیل رہے تھے، جہاں انہوں نے مبینہ طور پر کوئی زہریلی چیز کھا لی۔ حالت غیر ہونے پر فوری طور پر دونوں بچوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
تاہم دورانِ علاج ڈھائی سالہ زینب جانبر نہ ہو سکی اور دم توڑ گئی، جبکہ تین سالہ عثمان کی طبعیت اب بہتر بتائی جا رہی ہے اور اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعے پر جاں بحق بچی کے اہل خانہ نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ورثاء کے مطابق یہ ایک ناگہانی حادثہ تھا اور وہ اس معاملے میں کوئی پولیس یا قانونی کارروائی نہیں چاہتے ہیں۔


