کراچی سے تعلق رکھنے 15 سالہ لڑکی لاہور کے ڈیوس روڈ سے نیم بے ہوشی کی حالت میں برآمد ہوئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور کے ڈیوس روڈ سے پولیس کو 15 سالہ لڑکی نیم بے ہوشی کی حالت میں ملی، جس کو اسپتال منتقل کرکے طبی امداد دی گئی۔
لڑکی نے ہوش میں آنے کے بعد پولیس کو بتایا کہ اُس کا نام علینہ صابر ہے اور وہ کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی رہائشی ہے۔
علینا نے پولیس کو بتایا کہ وہ گھر سے والدہ کے ساتھ بازار جانے کے لیے نکلی ، اُسے لاہور پہنچنے کے حوالے سے کچھ معلوم نہیں ہے۔
لڑکی کا کہنا تھا کہ اُسے یاد ہے کہ وہ آخری بار اپنی والدہ کے ساتھ والد کی دکان جانے کے لیے نکلی تھی، جو کراچی کے ایک بازار میں ہے۔ پولیس حکام کے مطابق علینا کو گھر کے کسی بھی شخص کا موبائل نمبر یاد نہیں اور نہ ہی اُسے لینڈ لائن نمبر کے حوالے سے کچھ معلوم ہے۔
پولیس نے لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لے کر طبی معائنے کے لیے میو اسپتال منتقل کردیا، جبکہ کراچی سے لاہور پہنچنے کی تحقیقات بھی شروع کردیں۔