کراچی کے علاقے گل بائی پر ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ماں اور ایک سال کا بچہ جاں بحق ہوگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گل بائی پر ٹرالر نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو کچل دیا جس کے نتیجے میں ماں اور ایک سال کا بچہ جاں بحق اور شوہر زخمی ہوگیا۔
خاتون کی شناخت شبانہ کے نام سے ہوئی جس کی عمر 45 برس تھی، خاتون کی گود میں ایک سالہ بچہ زوہان بھی تھا جو موقع پر انتقال کر گیا موٹرسائیکل پر سوار خاتون کا شوہر واقعے میں زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرالر کا ڈرائیور موقعے سے فرار ہو گیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ٹرالر کو تحویل میں لے لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کورنگی کراسنگ پر ٹرک کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 3 افراد زخمی ہوگئے ہیں، حادثے کے بعد مشتعل افراد نے ٹرک کو آگ لگادی۔
پولیس نے بتایا تھا کہ جاں بحق شخص کی شناخت60 سالہ محمد نذیرکے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں شعیب، مختاراور رب نواز شامل ہیں جنہیں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس نے ٹرک کو تحویل میں لے لیا تھا تاہم ڈرائیورموقع سے فرارہوگیا تھا۔