اسلام آباد(18 جنوری 2026): وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی صدر میں گل پلازہ میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کراچی میں گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہل لوگوں کے جان ومال کی حفاظت کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں، متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشن میں تمام متعلقہ ادارے مل جل کر کام کریں، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع ایک شاپنگ پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بھاری مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو ہدایت کی کہ آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


