کراچی(19 جنوری 2026): ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں ریسکیو آپریشن کی نگرانی کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
کمشنر کراچی کے حکم پر ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے 30 افسران پر مشتمل 6 ٹیمیں بنائی ہیں، ہر ٹیم میں سربراہ کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیار کار ہوں گے۔
ٹیم امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرے گی اور اگلے احکامات تک متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہیں گی، ہر ٹیم میں اعلیٰ افسر سمیت 5 افسران شامل ہوں گے، پہلی ٹیم ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ امیر فضل اویس کی سربراہی میں بنائی گئی ہے، امیر فضل اویس رات 10 سے صبح 6 تک کمانڈنگ افسر تھے۔
دوسری ٹیم ڈی سی ساؤتھ کی سربراہی میں کام کرے گی، جاوید نبی کھوسو صبح 6 سے دوپہر 2 تک انچارج آپریشن ہونگے، ٹیم میں 2 اسسٹنٹ کمشنر اور 2 مختیار کار بھی شامل ہیں، تیسری ٹیم اے ڈی سی ون ساوتھ کی سربراہی میں بنائی گئی، اسمی بتول دوپہر 2 سے رات 10 تک کمانڈنٹ افسر ہونگی۔
چوتھی ٹیم اے ڈی سی ون سینٹرل کی سربراہی میں بنائی گئی ہے، عاصم عباسی رات 10 سے صبح 8 تک کمانڈنٹ کے فرائض انجام دیں گے، پانچویں ٹیم اے ڈی سی ون ایسٹ کی سربراہی میں کام کرے گی، سمیع اللہ سنجرانی صبح 8 سے شام 4 بجے تک ٹیم کے سربراہ ہونگے۔
چھٹی ٹیم اے ڈی سی ون کیماڑی کی سربراہی میں بنائی گئی، عبدالستار ہکڑو شام 4 سے رات 12 بجے تک کمانڈنٹ افسر ہونگے۔
گل پلازہ آتشزدگی سے متعلق تمام خبریں پڑھنے کیلیے یہاں کلک کریں
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


