کراچی کے علاقے گلشن حدید میں گھر سے 5 لاشیں ملنے کے واقعے میں شاہ زیب کے کزن کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کزن علی کا کہنا ہے کہ شاہ زیب تقریباً ڈھائی کروڑ روپے مالیت کے نئے گھر میں منتقل ہونے والا تھا جس کی وہ تعمیر کروا رہا تھا جبکہ حالیہ دنوں میں اس نے اپنا ایک گھر تین کروڑ روپے میں فروخت کیا تھا۔
کزن نے بتایا کہ شاہ زیب کا خاندان سے 5 سے 6 سال سے قطع تعلق تھا اور تقریباً 5 سے 6 سال قبل شادی ہوئی تھی۔
کزن علی کا کہنا ہے کہ شاہ زیب نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا ہمیں اس کا اندازہ نہیں ہے۔
واقعہ بظاہر خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، پولیس حکام
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، گھر سے ملنے والے خط میں خاندان والوں کا ذکر کیا گیا ہے، کیس کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق کیس میں کئی رپورٹس آنا ابھی باقی ہیں، گھر سے میاں اور بیوی کے دو موبائل فون ملے جنہیں ڈیٹا اینالیسز کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
یہ پڑھیں: کراچی : گھر سے 5 افراد کی لاشیں ملنے کا واقعہ : پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کا اہم انکشاف
پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل ڈیٹا اینالیسز اور فارنزک رپورٹس سے قتل یا خودکشی کا تعین ہوگا۔
تفتیشی حکام کے مطابق گھر میں داخلے اور خروج کا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے، ابتدائی طور پر شاہ زیب کے مالی پریشانی میں مبتلا ہونے کا تاثر ملا تھا لیکن چچا زاد بھائی نے مالی پریشانی کے بیانیے کو رد کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گلشن حدید کی نجی سوسائٹی میں گھر سے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جن کی شناخت 30 سال کے شاہ زیب، 28 سالہ صبا، 20 سال کی شمائلہ، 5 سالہ ایزل اور تین سال کی آریا کے ناموں سے ہوئی تھی۔


