کراچی: مقامی ہوٹل میں لگی آگ نے 5 ڈاکٹروں سمیت ایک نرس کی بھی جان لے لی، ڈاکٹر موہن نے اپنے بھائی کو آخری مرتبہ فون پر کہا کہ لفٹ میں پھنس گیا ہوں، بچنا مشکل لگتا ہے،تین لڑکیوں کا تاحال کچھ پتا نہ چلا،بلوچستان کے سینئر ترین ڈاکٹر حسن لاشاری بھی جاں بحق ہوگئے۔
یہ پڑھیں:ہوٹل آتشزدگی: جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی ہوٹل میں خوفناک آگ نے 5 ڈاکٹرزسمیت بارہ افراد کی جان لے لی،لوگوں نے کمروں کی کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر جانیں بچائیں۔
رات کے تیسرے پہر کراچی کے چار ستارہ ہوٹل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ کمروں میں سوئے لوگوں کی آنکھ کھلی تو بھڑکتے شعلے اور سانس بند کرنے والے دھوئیں سے سامنا ہوا۔
One more dead body found from Regent Plaza… by arynews
آگ سے ہوٹل کی راہداریوں میں دھواں بھرگیا، کسی کو کچھ سجھائی نہ دیا، لوگوں نے کمروں کے شیشے توڑ کر چھلانگیں لگائیں، پردوں سے رسی بنا کر نیچےاترناچاہا تو کوئی کھڑکیوں میں کھڑا مدد کے لیے پکارتا رہا۔
آگ نے 5 ڈاکٹرز،ہوٹل مینجر اور 4 خواتین سمیت 13 افراد کی جان لی، زیادہ تر اموات دم گھٹنے سے ہوئیں،ہوٹل میں غیر ملکی بھی ٹھہرے ہوئے تھے۔
انتظامیہ نے بتایاکہ آگ ہوٹل کے نچلی منزل پر واقع باورچی خانے میں لگی تھی، آگ سے زیادہ دھوئیں نے نقصان کیا، دھواں ایئرکنڈیشن کی ڈکٹنگ کے ذریعے پوری عمارت میں پھیلا۔
لفٹ میں پھنس گیا، بچنا مشکل ہے، ڈاکٹر موہن
کراچی کے ہوٹل میں آگ نے ان لوگوں کی بھی جان لے لی جو لوگوں کی جان بچاتے ہیں،دھویں سے دم گھٹنے سے عمر کوٹ کے ڈاکٹر موہن بھی چل بسے۔
ان کے بھائی نے بتایا کہ وہ مسلسل ڈاکٹر موہن سے رابطے میں تھے۔ آخری مرتبہ ان سے بات ہوئی تو انہوں نےکہا دعا کرنا۔
ہوٹل آتشزدگی: میرا دم گھٹ رہا ہے، جاں بحق ڈاکٹر رحیم کا اے آروائی کو آخری فون
تین لڑکیاں کا کچھ پتا نہ چلا
اسی آگ میں فیصل آباد سے ورکشاپ کے لیے آئی نرس روبی سیسل بھی جان سے گئی،کراچی میں موجود رشتے دار نے بتایا کہ روبی کے ساتھ تین اور لڑکیاں بھی تھیں ان کا کچھ پتا نہیں چلا۔
بلوچستان کے سینئر ڈاکٹر حسن لاشاری جاں بحق
واقعے میں جھل مگسی کے ڈاکٹر رحیم سولنگی، ڈاکٹر حسن لاشاری اور بدین کے ڈاکٹر عالم اور جامشورو کے ڈاکٹر شیر علی بھی جاں بحق ہوئے۔
ڈی ایچ او جھل مگسی ڈاکٹر محمد حسن لاشاری کا شمار بلوچستان کے سینئر ترین ڈاکٹروں میں ہوتا تھا، مقتول نے سوگواران میں بیوہ 5 بیٹے اور 3بیٹیاں چھوڑی ہیں،مقتول گزشتہ 4 برس سے ڈی ایچ کیو اسپتال جھل مگسی میں بطور ڈی ایچ او اپنے فرائض سر انجام دے رہے تھے۔
زیادہ ہلاکتیں دھویں سے ہوئیں، ابتدائی رپورٹ تیار
گوجرانوالہ کے میاں بیوی بھی دم گھٹنے سے جاں بحق
جاں بحق ہونے والے 13 افراد میں گوجرانوالہ کے میاں بیوی وقاص اور شازیہ بھی شامل تھے جو شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے کراچی گئے ہوئے تھے ، وقاص اور شازیہ کی ہلاکت کا علم ہونے پر ان کے گھر میں بھی صف ماتم بچھ گئی جس کے بعد ان کے لواحقین ان کی میتیں وصول کرنے کے لیے کراچی پہنچے جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد لواحقین سے اظہار ہمدردی کے لیے ان کے گھر موجود ہے۔
ڈاکٹر موہن کی آخری رسومات ادا
آتشزدگی سے ہلاک ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عمرکوٹ ڈاکٹر موھن وی ٹلوانی کی آخری رسومات عمرکوٹ میں ادا کی گئیں۔
آخری رسومات میں ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمن میمن، ایس ایس پی عثمان اعجاز باجوہ سمیت سیکڑوں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
آگ کے واقعہ کے جاں بحق ڈاکٹر موھن ٹلوانی کی عمر 57 سال تھی انھوں نے ایک بیوی دو بیٹے اور دو بیٹیاں سوگواران میں چھوڑے ہیں ان کا ایک بیٹا امریکا میں زیرِ تعلیم ہے۔
ہوٹل بند، تحقیقات جاری
دریں اثنا کراچی کے مقامی ہوٹل میں ریسکیو آپریشن ختم کردیا گیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے ہوٹل کو بند کردیا گیا تاہم تحقیقاتی اداروں کی جانب سے کام جاری ہے۔