کراچی میں غیرقانونی مویشی منڈیوں کیخلاف کارروائیاں ہیں، شہر میں 33 منڈیاں ہٹادی گئیں، دیگر کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی کی زیرِصدارت اجلاس میں غیرقانونی منڈیوں کے خاتمے کا جائزہ لیا گیا، ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے ویڈیو لنک پر منعقدہ اجلاس میں کارروائی کی تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
ملیر میں 15، کورنگی میں 3، وسطی میں 2، شرقی میں 10 اور کیماڑی کے علاقے میں قائم 2 غیرقانونی مویشی منڈیاں ہٹائی گئیں۔
کمشنر کراچی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع جنوبی میں ایک منڈی ہٹائی گئی جبکہ 3 افراد کو گرفتار کیا گیا، کمشنر کراچی نے ہدایت کی کہ فوری کارروائی کرکے تمام غیرقانونی منڈیاں ختم کی جائیں۔
کمشنر کراچی حسن نقوی نے کہا کہ انتظامیہ کی اجازت کے بغیر لگائی جانے والی مویشی منڈیاں غیرقانونی ہیں، ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی ہوگی اور مقدمہ درج ہوگا۔