کراچی(5 اکتوبر 2025): شہر قائد کے علاقے ملیر بیلی باغ حسن گوٹھ ڈیرہ شاہ فیصل بلوچ میں تیل چوری کا غیر قانونی کنکشن پکڑا گیا۔
کراچی کے علاقے ملیر بیلی باغ حسن گوٹھ ڈیرہ شاہ فیصل بلوچ میں تیل چوری کا غیر قانونی کنکشن ڈیرے کے مالک شاہ فیصل بلوچ اور اس کے ساتھیوں نے لگایا تھا، پارکو انتظامیہ کی شکایت پر شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ ڈیرے کے مالک شاہ فیصل سمیت 9 ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے، مقدمے کے متن کے مطابق ملزمان نے کراچی سے اندرون ملک جانے والی کروڈ آئل لائن پر کلیمپ لگایا، پائپ لائن کراچی سے مظفر گڑھ پنجاب تک جاتی ہے، یہ پائپ لائن کروڈ آئل سپلائی کا واحد ذریعہ اور قومی اثاثہ ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے باغ حسن میں ڈیرے کے قریب کلیمپ لگا کر تیل چوری کی کوشش کی، ہائی پریشر وال آہنی ہینڈل کے ساتھ لگا ہوا تھا، وال کے ساتھ ہائی پریشر پائپ زیر زمین چھپایا گیا تھا جبکہ پائپ لائن سے تقریباً 66 فٹ فاصلے پر دوسرا گڑھا کھودا گیا تھا۔
مقدمے کے متن کے مطابق پارکو پائپ لائن میں کروڈ آئل کی سپلائی جاری تھی، پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ چند ماہ کے دوران ملزمان کئی مقامات سے تیل چوری کر چکے ہیں، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا۔
کراچی: ملیر بیلی باغ حسن گوٹھ ڈیرہ شاہ فیصل بلوچ میں تیل چوری کا غیر قانونی کنکشن پکڑا گیا#ARYNews pic.twitter.com/GFlH7Ri3m2
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) October 5, 2025
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


