کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں بااثر نوجوان نے قانون کی دھجیاں اُڑا دیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے خیابان اتحاد میں بااثر نوجوان نے قانون کی دھجیاں اُڑا دیں جہاں غلط سمت سے مشتبہ گاڑی داخل ہونے پر پولیس طلب کی گئی۔
ڈیفنس کے سیکیورٹی اہلکاروں نے گاڑی روکنے کی کوشش کی تو نوجوان نے گاڑی بھگادی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کا پیچھا کرنے پر تیز رفتار گاڑی خیابان اقبال میں پلاٹ میں داخل ہوگئی جس میں بیٹھا نوجوان بظاہر نشے میں اور نیم برہنہ تھا۔
نوجوان نے پولیس اہلکاروں کو گالیاں دیں بعدازاں ڈی ایچ نے گاڑی تحویل میں لی اور فیملی پر دو لاکھ روپے جرمانہ کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ساحل تھانے کا افسر حسن موقع پر موجود تھا لیکن اس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
بعدازاں خیابان اتحاد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے بااثر نوجوان کی شناخت ہوگئی، 2 لاکھ روپے جرمانہ اور تحویل میں لی گئی کار کا نمبر ایل اے 2875 ہے، کار ٹی ایف اپیرل کے نام سے ٹیکسٹائل مل کے مالک طارق جانو کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
پولیس سے گالم گلوچ کرنے والا نوجوان ٹیکسٹائل مل کے مالک طارق جانو کا بیٹا ہے، نوجوان نے خیابان اتحاد پر غلط سمت سے گاڑی موڑی پولیس نے تعاقب کرکے پکڑا تھا۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اور کرائم رپورٹر ہیں، وہ 14 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


