کراچی(15 مئی 2026): کراچی میں کام کرنے والے مبینہ غیر قانونی کال سینٹر ‘ون ٹین کمیونیکیشنز’ کے خلاف تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے نے کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے نیٹ ورک کے مرکزی کرداروں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے کال سینٹر کے مالک مرتضیٰ عرف ہانی، اس کے کاروباری شراکت داروں اور فرنٹ مین کے مالی ریکارڈ تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ تحقیقاتی حکام ملزمان کی مشتبہ بینک ٹرانزیکشنز اور بیرون ملک رقوم کی منتقلی کے ڈیٹا کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے بنائی گئی مہنگی جائیدادوں، دیگر اثاثوں اور قیمتی گاڑیوں کی جانچ پڑتال بھی جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں مبینہ طور پر غیر قانونی ذرائع سے حاصل کی گئی بھاری رقوم کے شواہد سامنے آئے ہیں۔
پولیس اور متعلقہ ادارے اس بات کا تعین کر رہے ہیں کہ کال سینٹر کی آڑ میں ہونے والی ان سرگرمیوں سے کن کن افراد کو فائدہ پہنچایا گیا اور کالی رقم کو کہاں کہاں سفید کیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


