پیر, فروری 9, 2026
اشتہار

کراچی میں سائبیریا کی ہوائیں ، درجہ حرارت 6 ڈگری تک گر گیا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی :شہر قائد میں سائبیریا کی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت 6 ڈگری تک گر گیا تاہم شہر میں دن بھر سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

کراچی میں سائبیریا سے آنے والی سرد ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے، محکمہ موسمیات نے بتایا شہر قائد میں دن بھر سرد ہواؤں کا سلسلہ جاری رہے گا، جس کے باعث سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔

کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 6 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ پہاڑوں پر مزید برف پڑنے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان شدید سردی کی لپیٹ میں ہے جہاں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 14، استور میں منفی 11 اور گلگت میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ آزاد کشمیر کے علاقے بھمبر میں سردی کی شدت کے باعث تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں 17 جنوری تک توسیع کر دی گئی ہے۔

شمالی بلوچستان میں بھی یخ بستہ ہواؤں نے سردی بڑھا دی ہے۔ زیارت اور قلات میں درجہ حرارت منفی 7 جبکہ کوئٹہ میں منفی 2 سے منفی 3 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جہاں سڑکوں اور گلیوں میں جمع پانی جم کر برف بن گیا ہے۔

پنجاب میں بھی سردی نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، لاہور میں درجہ حرارت 2 سے 3، فیصل آباد میں ایک اور ملتان میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں پارہ صفر جبکہ پشاور میں ایک ڈگری رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

+ posts

اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں