امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کراچی میں پرامن شہریوں پر آنسو گیس کی شیلنگ بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی فسطائیت پورا ملک دیکھ رہا ہے، کراچی کے شہری اپنا حق لے کر رہیں گے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر نے کہا کہ شیلنگ کی وجہ سے ایک جگہ پر آگ لگ گئی ہے، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کچھ دیر بعد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو کہتا ہوں کہ مذاکرات آپ کو مبارک ہوں، ایک طرف ظلم اور دوسری طرف مذاکرات کی بات ایسا نہیں ہوگا۔
یہ پڑھیں: جماعت اسلامی کی سندھ اسمبلی پہنچنے کی کوشش، پولیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج
منعم ظفر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آج فاشزم کا مظاہرہ کیا ہے، نہتے، پرامن اور جمہوری لوگوں پر شیلنگ کی گئی۔
دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ پولیس اور انتظامیہ جماعت اسلامی کے ذمہ داران سے رابطے میں تھے، آگاہ کردیا تھا کہ ریڈ زون میں داخل نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مشتعل کارکنان پر پولیس نے پتھراؤ کیا ہے، حکومت مذاکرات کرے گی لیکن جماعت اسلامی اپنا طرز عمل دیکھے۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے سندھ اسمبلی کے باہر دھرنا دینے کی کوشش کی جس پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی، کارکنان کے پتھراؤ سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے، پولیس نے متعدد کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


