کراچی: کالعدم ٹی ٹی پی کو ڈرون ٹیکنالوجی اور دھماکا خیز مواد فراہم کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ اور وفاقی حساس ادارے نے صوبائی دارالحکومت میں ایک انتہائی اہم مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے ڈرون سپلائی نیٹ ورک کے ایک اہم ترین رکن کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ملزم دہشت گردوں کو جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور دھماکا خیز مواد فراہم کرنے میں ملوث ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت طاہر کے نام سے ہوئی ہے، جو افغانستان میں مقیم کالعدم ٹی ٹی پی کے فعال رکن طلال عرف زید بلوچ کا سگا بھائی ہے، ملزم طلال کا نام سی ٹی ڈی کی انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی "ریڈ بک” میں بھی شامل ہے۔
حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم طاہر اپنے بھائی طلال کی ہدایت پر کالعدم تنظیم کو جدید ڈرون اور الیکٹرانکس کا سامان سپلائی کرتا تھا۔
کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 2 کلو گرام بارودی مواد (بارود)، ڈرون اور ریموٹ کنٹرول برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق، ملزم یہ سامان کراچی کے گنجان آباد کاروباری علاقوں جیسے صدر، بولٹن مارکیٹ اور مختلف آن لائن پلیٹ فارمز سے منگواتا تھا۔
اس نیٹ ورک کے ذریعے فراہم کردہ ڈرون موٹرز، فریم اور آئی ای ڈی کا سامان دہشت گردوں کی جانب سے ڈرون حملوں اور خودکش جیکٹس کی تیاری میں استعمال کیا جانا تھا، جسے سیکیورٹی اداروں نے بروقت ناکام بنا دیا۔
سی ٹی ڈی نے ڈرون سپلائی نیٹ ورک کے اس اہم رکن کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم طاہر کی جانب سے کیے جانے والے ابتدائی اور اہم انکشافات کی روشنی میں نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں۔


