کراچی: نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کراچی کنگز کی جانب سے کھلاڑی کی کھوج کے نام سے نئے ٹیلنٹ کی تلاش جاری ہے‘ دونوں ہاتھوں سے باؤلنگ کرانے والا دنیا کا سب سے منفرد باؤلر سامنے آگیا۔
نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کی جانب سے کھلاڑی کی کھوج کے عنوان سے پاکستان کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش آج دوسرے دن بھی جاری ہے اور کئی انمول کھلاڑی سامنے آرہے ہیں۔
کراچی کنگز کی جانب سے لگائے گئے کیمپ میں کراچی‘ سکھر‘ پشاور ‘ کوئٹہ اور پنجاب کے مختلف شہروں سمیت ملک بھر سے کھلاڑی بڑی تعداد میں شریک ہورہے ہیں۔
کیمپ کے دوسرے دن سلیکٹر راشد لطیف کو ملا عبدالہادی نامی ایسا نوجوان جس نے انہیں ورطہ ٔ حیرت میں ڈال دیا اور عنقریب یہ نوجوان ساری دنیا کو بھی حیران کردے گا۔
عبدالہادی نامی یہ نوجوان دونوں ہاتھوں سے اسپن باؤلنگ کراسکتا ہے اور دونوں ہاتھوں سے کرائی گئی گیندیں شاندا ر ہیں۔
عبدالہادی نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے فاسٹ باؤلنگ سے اپنے کیرئر کا آغاز کیا تھا اور 14 سال کی عمر سے وہ دونوں ہاتھوں سے باؤلنگ کرا رہا ہے۔
عبدالہادی کے مطابق اس کے کوچ زین نے اسے دونوں ہاتھوں سے اسپن باؤلنگ کرانے کا مشورہ دیا تھا اور اب وہ اپنا یہ فن ساری دنیا کے سامنے لانا چاہتا ہے۔
عبدالہادی بائیں ہاتھ سے لیگ بریک باؤلنگ کراتا ہے اور دائیں ہاتھ سے آف بریک باؤلنگ سے بلے بازوں کو اپنا نشانہ بناتا ہے۔
اے آروائی ڈیجیٹل نیٹ ورک نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے بالکل نچلی سطح سے کھلاڑیوں کی سلیکشن کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اسے بے پناہ سراہا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ اس سلسلے سے پاکستان میں موجود چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو اجاگر ہونے کا موقع ملے گا۔