جمعرات, جنوری 23, 2025
اشتہار

کراچی کنگزٹیلنٹ ہنٹ پروگرام مکمل، بہترین کھلاڑی منتخب کرلیے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے ثابت قدم ہے، کھلاڑی کی کھوج کا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام مکمل ہوگیا، بہترین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق برائٹو پینٹس کراچی کنگز کھلاڑی کی کھوج اختتام کو پہنچی، حیدرآباد سے شروع ہونے والا سفر اندرون سندھ سے ہوتا ہوا کراچی میں ختم ہوگیا۔ اندرون سندھ چودہ روز میں سات شہروں کے بعد شہر قائد سے بھی کراچی کنگز ٹیلنٹ پروگرام کے تحت کھلاڑی کی کھوج مکمل ہوگئی۔

فائنل فیز کا فائنل راؤنڈ کراچی کنگز کے ہوم گراؤنڈ نیا ناظم آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوا، اس دوران دو روز میں بہتر سے بہترین کھلاڑی کی کھوج برقرار رہی۔

- Advertisement -

اندرون سندھ سے شارٹ لسٹ ہونے والے بیس بہترین کرکٹرز نے بھی شہر قائد میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائے، فائنل راؤنڈ میں کوچز نے کرکٹرز کی پرفارمنس کا جائزہ لیتے ہوئے مزید کھلاڑی شارٹ لسٹ کیے۔

کھلاڑی کی کھوج کی اختتامی تقریب میں کراچی سے تعلق رکھنے والے شارٹ لسٹ کرکٹرز کو کراچی کنگز کی اعزازی ٹی شرٹس بھی پیش کی گئیں۔

ٹیم کراچی کنگز کے اہم رکن شکیل سجاد نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ ہم ایسے شہروں سے کھلاڑی کھوج کرلائے ہیں جہاں کوئی توجہ دینے کیلئے تیار نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اہم پلیٹ فارم کراچی کنگز نے فراہم کردیا ہے، اب کرکٹ کا ٹیلنٹ ضائع نہیں بلکہ ابھر کر سامنے آئے گا، ٹرائلز سے منتخب ہونے والے کرکٹرز پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی شان بنیں گے۔

واضح رہے کہ برائٹو پینٹس کراچی کنگز نے اندرون سندھ ٹرائلز کے سات مراحل کا آغاز حیدرآباد سے کیا تھا جس کے بعد میرپور خاص، عمرکوٹ ،نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ اور دادو سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو شاٹ لسٹ کیا گیا تھا۔

اہم ترین

علی حسن
علی حسن
علی حسن اے آروائی نیوز سے اسپورٹس رپورٹر کی حیثیت سے وابستہ ہیں اور کھیلوں کے معاملات میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں

مزید خبریں